بنگلورو،11اکتوبر(ایس او نیوز) مفتی محمد اشرف علیؒ امیر شریعت کرناٹک کی طرف سے دارالعلوم سبیل الرشاد میں جو درس بخاری دیا گیا اس کی 22سال تک جاری ریکارڈنگ پر مشتمل ایک ویب سائٹ اور موبائل ایپ بعنوان ”الحکمہ“ کا بروز ہفتہ دار العلوم سبیل الرشاد میں امیر شریعت کرناٹک مولانا صغیر احمد خان رشادی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
مفتی اشرف علی صاحب کے در س بخاری کی صدابندی کا سلسلہ 1998میں شروع کیا گیا جو تقریباً20سال تک جاری رہا اور مفتی صاحب کی رحلت کے بعد اسے ڈیجیٹل شکل دینے کا کام شروع کر کے اس کو باضابطہ ایک ویب سائٹ اور موبائل اپلیکیشن کی شکل میں عوام کے سامنے پیش کر دیا گیا ہے۔ درس بخاری کی ریکارڈنگ میں انجینئر محمد اقبال، حافظ ایل محمد فاروق نے مسلسل خدمات انجام دیں جبکہ اس کو ویب سائٹ اور ایپ کی شکل دینے میں ان دونوں کے ساتھ محمد افسر قادری پیش پیش رہے۔
اس ویب سائٹ کا اجراء کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر شریعت نے کہا کہ عنقریب اس درس بخاری کو کتابی شکل میں بھی سامنے لایا جائے گا اس کے لئے بھی کام چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفتی اشرف علیؒ کو 50سال تک دار العلوم سبیل الرشاد میں درس بخاری پڑھانے کا موقع ملا اور اس کے ذریعے ہزاروں کی تعداد میں حضرت کے درس سے شاگردوں نے استفادہ کیا۔ اب اس درس کو ڈجیٹل شکل میں دے کر اس درس سے دنیا بھر کے تشنگان علم کو اسفادہ کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔
انہوں نے ان کاوشوں کے لئے مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر خطاب کرنے والوں میں مفتی افتخار احمد قاسمی صدر جمعیت العلماء کرناٹک، مولانا مقصود عمران رشادی خطیب و امام جامع مسجد بنگلورو سٹی، مولانا محمد مصطفی رفاعی، مولانا عبد الرحیم رشیدی صدر جمعیت العلماء کرناٹک شامل تھے۔ حافظ ایل محمد فاروق نے خیر مقدمی خطاب کیا جبکہ محمد افسر قادری نے ویب سائٹ اور ایپ کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کروایا۔ سلیمان خان نے نظامت کی،مولانا احمد ثمال رشادی نائب مہتمم دارالعلوم سبیل الرشاد نے شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر مولانا عبد الغفور باقوی، محمد عبید اللہ شریف، عثمان شریف، خازن جمعہ مسجد ٹرسٹ بورڈاور دیگر ممتاز شخصیات شریک رہیں۔